نئی دہلی /پٹنہ،یکم جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بہار کی سیاست میں اتحاد کو لے کر مسلسل الگ الگ اشارے مل رہے ہیں۔ایک طرف جہاں لالو یادو اتحاد کو لے کر صاف دعوی کر رہے ہیں کہ یہاں کوئی دراڑ نہیں ہے، وہیں نتیش کمار بی جے پی پر نرم نظر آ رہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ بی جے پی بھی اب نتیش پر نرم ہے۔جی ایس ٹی کے معاملے پر نتیش کی حمایت حاصل کرنے کے بعد بہار کے بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی نے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی بہار کے سابق نائب وزیر اعلی سشیل مودی نے لالو یادوپرسخت حملہ کیا ہے۔جی ایس ٹی نافذ ہونے کے بعد بہار بی جے پی کے لیڈر سشیل مودی سے بھی بات کی گئی جو جی ایس ٹی پر بنائی گئی ریاستوں کے وزراء خزانہ کی کمیٹی کے صدر تھے۔سشیل مودی جی ایس ٹی پر ہونے والے پروگرام کا بائیکاٹ کرنے کو لے کر لالو پر حملہ بولا،ساتھ ہی نتیش کا شکریہ ادا کیا۔
سشیل مودی نے کہا کہ لالو یادو کا کہاں یہ سب سمجھ میں آنے والا ہے،انہیں تو بس غیراعلانیہ جائیداد سمجھ میں آتی ہے۔اس کے ساتھ ہی مختلف مسائل پر نتیش کی حمایت پر سشیل مودی نے کہا کہ اچھے کاموں میں حمایت ملنی ہی چاہئے۔بی جے پی لیڈر نے نتیش پر نرم تیور دکھاتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھی شراب بندی کی حمایت کی ہے۔